مہاراشٹر کورونا : ایکسپرٹس کی وارننگ ، ویکسینیشن کی دھیمی رفتار تیسری لہر کو دعوت
یہ وارننگ اس وقت جاری کی گئی جب مہاراشٹر سرکار نے کہا ہے وہ مطلوبہ تعداد میں ٹیکہ دستیاب نہیں ہونے کی وجہ سے 18 سے 44 سال کے لوگوں کی ٹیکہ کاری مہم یکم مئی سے شروع نہیں کرنے جارہی ہے ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Apr 29, 2021 12:32 AM IST
مہاراشٹر کورونا : ایکسپرٹس کی وارننگ ، ویکسینیشن کی دھمی رفتار تیسری لہر کو دعوت تصویر : اے پی۔
ممبئی : مہاراشٹر میں ٹیکہ کاری کی دھیمی رفتار سے ریاست میں انفیکشن کی تیسری لہر آسکتی ہے ۔ ہیلتھ ایکسپرٹس نے بدھ کو یہ وارننگ جاری کی ۔ یہ وارننگ اس وقت جاری کی گئی جب مہاراشٹر سرکار نے کہا ہے وہ مطلوبہ تعداد میں ٹیکہ دستیاب نہیں ہونے کی وجہ سے 18 سے 44 سال کے لوگوں کی ٹیکہ کاری مہم یکم مئی سے شروع نہیں کرنے جارہی ہے ۔
وزیر صحت راجیش ٹوپے مہاراشٹر میں مطلوبہ تعداد میں ٹیکے کی دستیاب نہیں ہونے پر پہلے ہی تشویش ظاہر کرچکے ہیں ۔ مہاراشٹر وبا سے سب سے بری طرح سے متاثر ریاست ہے اور وہاں فی الحال مستفیدین ( 45 سال سے اوپر کے لوگ ) کے لئے ٹیکے کی کمی کی خبر ہے ، جس سے وہاں ٹیکہ کاری کی رفتار دھیمی ہے ۔ کووڈ 19 پر صحیح طریقہ سے تبھی لگام لگائی جاسکتی ہے جب ٹیکہ کاری کے قابل دو تہائی آبادی کو ٹیکہ لگایا جائے ۔
ریاستی صحت محکمہ کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ مہاراشٹر میں ٹیکہ لگانے کے قابل نو کروڑ لوگوں میں سے محض ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو ابھی تک ٹیکہ لگ سکا ہے ، جو بہت کم ہے ۔ انہوں نے وارننگ دی : اگر ہم نے ٹیکہ کاری کی رفتار تیز نہیں کی تو جب لوگ نوکری یا دیگر کاموں کیلئے باہر نکلیں گے تو اس سے کووڈ کی تیسری لہر آسکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر میں دی گئی چھوٹ سے لوگ لاپروا ہوگئے اور اس سے فروری سے کورونا کی دوسری لہر شروع ہوگئی ۔ ہم اب بھی اس سے متاثر ہیں ۔ محکمہ صحت نے کہا کہ اگر ہم نے بڑی آبادی کو ٹیکہ نہیں لگایا تو ہم تیسری لہر کو دعوت دے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ہم 18 سے 44 سال تک کے لوگوں کی ٹیکہ کاری مہم یکم مئی سے شروع نہیں کرپائیں گے ۔ ہمیں مئی کے تیسرے ہفتے تک انتظار کرنا ہوگا ۔










